ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بلند شہر: ملزمین کےخلاف کاروائی نہ کرنے پر مایوس عصمت دری متاثرہ کی خودکشی، حرکت میں آئی انتظامیہ، داروغہ معطل

بلند شہر: ملزمین کےخلاف کاروائی نہ کرنے پر مایوس عصمت دری متاثرہ کی خودکشی، حرکت میں آئی انتظامیہ، داروغہ معطل

Tue, 17 Nov 2020 20:40:32    S.O. News Service

بلند شہر،17؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)  اتر پردیش کے ضلع بلند شہر میں عصمت دری متاثرہ نے پولیس کے ذریعہ ملزمین کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے سے مایوس ہو کر خودکشی کر لی۔ جس کے بعد حرکت میں آئی انتظامیہ نے ایک داروغہ کو معطل کر دیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  متاثرہ خاتون پیر  دیر رات انوپ شہر پولیس اسٹیشن علاقے میں اپنے گھر میں چھت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ متوفیہ نے اپنے خودکشی  نوٹ میں الزام لگایا ہے کہ پولیس اس کے ہی گاؤں کے ملزمین کو گرفتار کر نے کو تیار نہیں تھی۔ متوفیہ نے نوٹ میں تین افراد کے نام لکھے ہیں جنہوں نے اس کے ساتھ عصمت دری کی ہے، ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کے خلاف بھی لاپرواہی برتنے کا مقدمہ درج کیا جائے۔

بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کا 16 اکتوبر کو اغوا ہوا  تھا۔ 24 اکتوبر کو لڑکی اپنے افراد خانہ کے ساتھ پولیس اسٹیشن گئی اور ملزمین کے خلاف تحریری شکایت دی۔ لڑکی نے اپنی تحریر میں یہ بھی الزام لگایا تھا کہ ملزمین نے اس کا ویڈیو بنا لیا ہے اور اسے بلیک میل کر رہے ہیں۔ پولیس نے کیس درج کرلیا لیکن ملزمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جو کہ متاثرہ کے خودکشی کا سبب بنا۔

تاہم متاثرہ کے خودکشی کے بعد پولیس حرکت میں آگئی ہے اور تینوں ملزمین، قمرالدین، ابرار اور مبین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی سنتوش کمار سنگھ نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کر رہے داروغہ وجے راٹھی کو معطل کر دیا گیا ہے۔


Share: